ایک لیٹر فل کریم دودھ (یعنی جس سے بالائی نہ اتری ہو، بہتر ہے ملک پیک کا عام والا ڈبہ لے لیں)۔ اسے درمیانی سی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ گاڑھا ہوکر آدھا یا اس سے تھوڑا کم رہ جائے (اس دوران چمچ ہلاتے رہیں تاکہ اوپر آنے والی بالائی مکس ہوتی رہے)۔ 
اس میں ایک کپ سوکھا دودھ شامل کریں (مثلا نیسلے وغیرہ کا، اور اگر چاہیں تو اتنی ہی مقدار میں کھویا ڈال لیں، میرے پاس سوکھا دودھ تھا سو میں نے ختم کرنے کے لئے وہی استعمال کیا)، 8 سے 10 کترا کئے ہوئے بادام اور چوتھائی چمچ الائچی پاؤڈرڈالئے اور دو چار منٹ پکائیں۔ اب اس میں آدھا کپ (یا حسب ذائقہ) چینی اور چوتھائی سے آدھا کپ فریش کریم ڈالئے اور 5 منٹ پکائیں (میں چونکہ ککنگ کا متنوع نوعیت کا سامان خریدتا رہتا ہوں تو میرے پاس وہ والی فریش کریم میسر تھی جو بیکری والے استعمال کرتے ہیں، اگر وہ نہ ہو تو بازار میں ملک پیک کی whipping cream ملتی ہے وہ استعمال کی جاسکتی ہے۔ اگر وہ بھی نہ ہو تو گھر سے بالائی نکال کر ڈال لیجئے اور اگر وہ بھی میسر نہیں تو بازار میں ملنے والی عام کریم ہی ڈال لیں لیکن ان دو سے رزلٹ میں کتنا فرق آئے گا مجھے نہیں معلوم کیونکہ یہ زیادہ گاڑھی ہوتی ہیں)۔ تھوڑی دیر پکنے پر اس کا ٹیکسچر نہایت زبردست یکجان و ملائم سا ہوجائے گا۔ 
اسے ایک گھنٹہ ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر مطلوبہ ہیئت میں ڈھالنے کے لئے کسی برتن میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں۔ ایک گھنٹے بعد جب قلفی تھوڑی سخت ہوجائے تو اس میں سٹک لگا دیں۔ کم از کم چھ گھنٹے تک اسے جمنے دیں 

                    بشکریہ زاہد مغل صاحب